بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے 29 سالہ شادی کے بعد اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔ سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سائرہ نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کی وجہ دونوں کے تعلقات میں پیچیدگیاں اور اختلافات ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں نے ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کے باوجود محسوس کیا کہ ان کے درمیان تلخی اور مشکلات کی وجہ سے ایسا فاصلہ پیدا ہو گیا ہے جسے اس وقت دونوں فریق ختم کرنے سے قاصر ہیں۔ سائرہ بانو نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی اور جذبات کا احترام کریں۔
اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی شادی 12 مارچ 1995 کو ہوئی تھی، اور ان کے تین بچے ہیں۔ یہ اعلان بھارتی میڈیا میں کافی سرخیوں کا سبب بن گیا ہے، اور سائرہ بانو کی علیحدگی کا فیصلہ ان کے ذاتی زندگی کے حوالے سے مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں بھی پیدا کر رہا ہے۔
این ڈی ٹی وی – انڈین ایکسپریس – ٹائمز آف انڈیا – ایکسپریس نیوز