واشنگٹن: امریکہ نے ایران میں موجود اپنے تمام شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ امریکی ورچوئل سفارت خانے کی طرف سے جاری ہونے والی سیکیورٹی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ایران میں بدستور کشیدگی اور ناخوشگوار صورتحال برقرار ہے، جس کے باعث امریکی باشندوں کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکی حکومت ایران میں اپنے شہریوں کو محفوظ نکالنے کی پوری ذمے داری نہیں لے سکتی، اس لئے ہر شخص کو اپنا انخلا منصوبہ خود بنانا چاہیے۔ سفارت خانے نے مشورہ دیا ہے کہ اگر زمینی راستے سے ایران سے نکلنا محفوظ ہو تو آرمینیا یا ترکی کے ذریعے ملک ترک کریں۔
ایڈوائزری میں ممکنہ انٹرنیٹ بندشوں، پروازوں کی منسوخی اور سڑکوں پر سیکیورٹی اقدامات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سفری سہولیات متاثر ہوسکتی ہیں۔ امریکی شہریوں کو بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ دکھانا یا امریکہ سے تعلق ظاہر کرنا ایران میں حراست یا تفتیش کا سبب بن سکتا ہے، خاص طور پر دوہری شہریت رکھنے والوں کے لئے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔
ایران میں گزشتہ عرصے سے جاری احتجاجات اور سکیورٹی صورتحال میں شدت کے باعث دیگر ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جس سے خطے میں بے یقینی کا ماحول بڑھ رہا ہے۔

