اسلام آباد: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.24 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی مجموعی سالانہ شرح 13.89 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کی، جس کے مطابق 21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا، جب کہ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 35 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انڈے 8 روپے 58 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، آلو 2 روپے 74 پیسے اور پیاز 3 روپے 79 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 108 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہوا۔ ٹماٹر 2 روپے 24 پیسے، دال مونگ 3 روپے 54 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ علاوہ ازیں، ڈھائی کلو خوردنی گھی کا ڈبہ 11 روپے 81 پیسے مہنگا ہوا۔
بیف 3 روپے 46 پیسے، اور مٹن 5 روپے 74 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ، حالیہ ہفتے میں لہسن، آٹا، دودھ سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
تاہم، کیلے 3 روپے 13 پیسے فی درجن، چینی 1 روپے 98 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ دال ماش 3 روپے 84 پیسے اور دال چنا ڈھائی روپے فی کلو سستی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق، اس ہفتے 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
جنگ اخبار – نوائے وقت – دنیا نیوز – اردو نیوز – بزنس ریکارڈر