اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں آن لائن ٹیکسی اور بائیکیا سروسز کے لیے رجسٹریشن کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا اور غیر قانونی طور پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق بغیر رجسٹریشن آن لائن ٹیکسی یا بائیکیا چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت تمام ڈرائیورز اور گاڑیوں کا مکمل ڈیٹا حکومتی نظام میں محفوظ کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کے سی ای اوز سے رابطہ کر کے رجسٹریشن کے عمل کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو غیر رجسٹرڈ بائیکیا ڈرائیورز کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تمام آن لائن ٹیکسیوں اور بائیکیا کی رجسٹریشن ڈیجیٹل آٹومیشن سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک اسلام آباد پولیس کو بھی مکمل رسائی حاصل ہو گی، تاکہ سیکیورٹی خدشات کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ڈرائیور کے لیے لازم ہو گا کہ وہ ہر مسافر کی تفصیلات ایپ پر درج کرے۔ مسافر کے قومی شناختی کارڈ نمبر کے بغیر کسی بھی ڈرائیور کو سواری لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق باضابطہ رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

